نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس فیس کی ادائیگی کے لیے کیش لیس جدید نظام متعارف کرا دیا ہے، ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ادائیگی کے عمل کو آسان اور جدید بنانا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈی آئی جی (آپریشنز) اصغر علی نے اسلام آباد ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی میں اس نئی سہولت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
آج کل اداکاروں کے پروٹوکولز ہیں جسے ہم افورڈ نہیں کرسکتے: سید نور
اس سہولت کے تحت شہری اب ڈرائیونگ لائسنس کی فیس ایزی پیسہ، جاز کیش اور مختلف بینکنگ ایپس کے ذریعے آسانی سے ادا کر سکیں گے، ترجمان نے بتایا کہ اس سے ادائیگی کا عمل مزید سہل ہو جائے گا۔
ترجمان کے مطابق کیش لیس ادائیگی کے نظام کے نفاذ سے درخواست گزاروں کو بینک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے ان کی وقت اور محنت دونوں کی بچت ممکن ہو گی۔
مزید بتایا گیا کہ نیشنل بینک آف پاکستان کے تعاون سے اسلام آباد ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی میں QR کوڈ مشینیں فعال کر دی گئی ہیں تاکہ ڈیجیٹل ادائیگی کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شیخوپورہ اور کوئٹہ کی ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹیز میں بھی QR کوڈ مشینوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کی اس سہولت سے شہریوں کے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ اضافی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
افتتاحی تقریب میں موٹروے پولیس اور نیشنل بینک آف پاکستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگی کی یہ سہولت عوامی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔