حج 2027 : آن لائن رجسٹریشن کروانے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی
**حج 2027 تا 2030: آن لائن رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کر گئی**

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 سے 2030 تک کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جس کے تحت گھر بیٹھے رجسٹریشن کرانے والے ممکنہ عازمین حج کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک ایک لاکھ 81 ہزار مرد اور ایک لاکھ 27 ہزار خواتین رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔ ان میں سے 2 لاکھ 22 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 86 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ عازمین حج سرکاری حج پورٹل یا پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق موجودہ رجسٹریشن مرحلے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی بھی بڑی تعداد شامل ہے، جن میں 3 ہزار پی ایچ ڈی اسکالرز، 45 ہزار ماسٹرز ڈگری ہولڈرز اور 60 ہزار یونیورسٹی گریجویٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 33 سے 44 سال کی عمر کے 76 ہزار افراد نے بھی رجسٹریشن کرائی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ جدید حج مینجمنٹ سسٹم شہریوں کے لیے معلومات اور رابطے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے، جس کی مدد سے لوگ پاک حج ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے باآسانی رجسٹریشن مکمل کر رہے ہیں۔
وزارت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آن لائن رجسٹریشن کے کامیاب تجربے کے بعد مستقبل میں حج واجبات کی وصولی کا عمل بھی ڈیجیٹل طریقے سے شروع کیا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے باعث عازمین کو بینکوں کے بار بار چکر لگانے اور طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت کم ہو گئی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے۔



