7 دن تک سمندر میں بہنے والا شخص کرشماتی طور پر زندہ بچ گیا
تصور کریں کہ آپ سمندر میں پھنس جائیں اور کھانے کے لیے کچھ نہ ہو تو کیا کریں گے؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر چین میں ایک شخص 7 دن تک سمندر میں پھنسے رہنے کے باوجود کرشماتی طور پر زندہ بچ گیا۔
چِن نامی شخص کو جون 2026 کے شروع میں صوبہ ہینان کی چینگ مائی کاؤنٹی کے قریب سمندر میں 2 ماہی گیروں نے بچایا۔
27 مئی کو یہ شخص ہینان کے صدر مقام Haikou کے ساحل پر چہل قدمی کر رہا تھا جب تند و تیز لہروں میں بہہ گیا۔
39 سالہ چِن کا تعلق گوانگشی سے ہے اور وہ اس جگہ سیاحت کے لیے آئے تھے۔
اس سے قبل انہوں نے کبھی بھی سمندر میں تیراکی نہیں کی تھی اور چہل قدمی کے دوران ان کے پاس زندگی بچانے والی کوئی چیز نہیں تھی۔
چِن گہرے پانیوں میں پہنچ گئے اور مدد کے لیے فون بھی نہیں کرسکے کیونکہ ان کا موبائل فون گم ہوگیا تھا۔
انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے ٹراؤزر، جوتے، گھڑی اور انگوٹھی اتار دی جبکہ سمندر میں بہتے رہے۔
اگلے دن وہ سمندر میں تیرنے والے ایک بوئے پر چڑھ گئے اور بچائے جانے تک وہاں رہے۔
تیسرے دن انہیں احساس ہوا کہ وہ آبنائے Qiongzhou میں موجود ہیں جو صوبہ گوانگ ڈونگ کو ہینان سے الگ کرتا ہے اور وہاں دور سے کچھ کشتیاں بھی گزریں مگر کوئی بھی انہیں دیکھ نہ سکی۔
اگلے دو دن چِن کے لیے بہت مشکل ثابت ہوئے اور خوراک نہ ہونے کے باعث بھوک کی شدت سے بے حال ہو کر انہوں نے 80 چھوٹے کیکڑے کچے کھا لیے جبکہ وہ وہم و گمان کا بھی شکار رہے۔
ساتویں دن چِن کو دو ماہی گیروں نے دریافت کیا اور ایک ڈنڈا پکڑایا تو چِن کو لگا کہ یہ دروازہ ہے اور دوستوں نے انہیں رات کے کھانے پر مدعو کیا ہے۔
عمران خان، شہباز شریف ہتک عزت کیس میں اہم پیشرفت، سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا حق دفاع بحال کردیا
ماہی گیروں نے بتایا کہ انہوں نے چِن کو یقین دلایا کہ وہ اب محفوظ ہیں اور وہ انہیں مرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے انہیں صاف کیا، خشک کپڑے پہنائے اور جسم پر موجود زخموں کا جائزہ لیا جو سورج کی روشنی کے باعث متاثر ہوئے تھے۔
ماہی گیروں نے انہیں پانی دیا اور مسلسل ان سے بات کرتے رہے تاکہ وہ بے ہوش نہ ہوں۔ سمندر سے نکالنے کے بعد چِن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
چِن نے کہا کہ جب وہ سمندر میں تھے تو انہوں نے خود سے کہا کہ وہ اس طرح نہیں مر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صحتیابی کے بعد وہ اپنے بھائیوں سے ضرور مل کر ان کا شکریہ ادا کریں گے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق چِن کو آئی سی یو میں رکھنے کے بعد عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔
اسپتال میں داخلے کے وقت وہ شدید ڈی ہائیڈریشن کا شکار تھے جبکہ ان کی جلد کا بڑا حصہ متاثر ہو چکا تھا۔ اسی طرح ان کا نظام ہاضمہ بھی متاثر ہوا تھا جو ممکنہ طور پر کچے کیکڑے کھانے کا نتیجہ تھا۔