امریکا میں طفیلی بیماری سائیکلواسپوریاسس کا پھیلاؤ نو ریاستوں تک وسیع ہوگیا
امریکا میں طفیلی بیماری سائیکلواسپوریاسس (Cyclospora infection) کے حالیہ اور ملک کے سب سے بڑے معلوم ہونے والے پھیلاؤ کا دائرہ مزید بڑھ گیا ہے، جس کے بعد متاثرہ ریاستوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔
امریکی وفاقی صحت کے اداروں کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ابتدائی طور پر انڈیانا، کینٹکی، مشی گن، اوہائیو اور ویسٹ ورجینیا میں بیماری کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے، تاہم اب الینوائے، کنساس، اوکلاہوما اور پنسلوانیا بھی متاثرہ ریاستوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق بیماری کے زیادہ تر کیسز کا تعلق وسطی میکسیکو سے درآمد کی گئی آئس برگ لیٹس سے ہے، جو سائیکلو اسپورا نامی طفیلی سے آلودہ پائی گئی تھی۔
پاکستانی پاسپورٹ درجہ بندی میں بہتری کے باوجود کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل
ماہرین صحت کے مطابق سائیکلواسپوریاسس عام طور پر جان لیوا بیماری نہیں ہوتی، تاہم اس کی علامات انتہائی تکلیف دہ ہو سکتی ہیں، جن میں شدید اور بار بار ہونے والا اسہال، قے، معدے میں درد، متلی اور جسمانی کمزوری شامل ہیں۔
تحقیقات سے آگاہ ذرائع کے مطابق نئی متاثرہ ریاستوں میں سامنے آنے والے مریض بھی تقریباً اسی عرصے میں بیمار ہوئے، جس سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق بھی آلودہ لیٹس کی اسی کھیپ سے ہو سکتا ہے۔
صحت حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اگر آلودہ خوراک کے استعمال کے بعد مذکورہ علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔
حکام کے مطابق بیماری کے اصل ماخذ کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ پھیلاؤ کو روکنے اور متاثرہ افراد کے علاج کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔