پی ٹی اے نے واٹس ایپ صارفین کو اہم ہدایات جاری کر دیں
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ اور سائبر فراڈ سے بچانے کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق چند آسان سیکیورٹی اقدامات اپنا کر صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ سائبر مجرم مسلسل واٹس ایپ اکاؤنٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی بہتر بنانی چاہیے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ میں سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر فعال کریں۔ اس کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز میں جا کر اکاؤنٹ اور پھر سیکیورٹی نوٹیفکیشنز کے آپشن میں جا کر "شو سیکیورٹی نوٹیفکیشنز” کو آن کیا جا سکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی میں ہونے والی تبدیلیوں سے فوری آگاہی حاصل ہو جاتی ہے۔
اتھارٹی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس ضرور منسلک کریں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال یا اکاؤنٹ کے مسئلے کی صورت میں بحالی کا عمل آسان ہو سکے۔
پی ٹی اے نے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فیچر فعال کرنے پر بھی زور دیا ہے، کیونکہ یہ اضافی حفاظتی اقدام ہیکرز اور سائبر مجرموں کو اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق معمولی احتیاطی تدابیر اپنا کر صارفین اپنے ذاتی ڈیٹا، رابطوں اور ڈیجیٹل معلومات کو محفوظ رکھ سکتے ہیں، جبکہ لاپرواہی کی صورت میں سائبر فراڈ اور مالی نقصان کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔