(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک): کراچی پریس کلب میں ایسوسی ایشن اسپورٹس میڈیا الائنس (آسمان) کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کے فٹنس معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا تھا، جس میں فٹنس سے متعلق بعض مسائل سامنے آئے تھے۔ ان میں سے کچھ پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ باقی امور پر کل سے شروع ہونے والے کیمپ میں کام کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کا جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے عالمی اقدامات کا مطالبہ
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم سے ان کی بات ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ ٹیم کی بہترین انداز میں قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں ٹیم سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسپورٹس میڈیا الائنس کا قیام خوش آئند اقدام ہے، تاہم پہلے کی صحافت اور موجودہ جرنلزم میں نمایاں فرق آ چکا ہے۔ ماضی میں صحافی گراؤنڈ میں جا کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مشاہدہ کرتے اور اسی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرتے تھے، جبکہ آج کل سوشل میڈیا پر موجود مواد کو دیکھ کر آرا قائم کی جاتی ہیں اور کھلاڑیوں کی ذاتی زندگی کے معاملات بھی زیر بحث لائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن اسپورٹس میڈیا الائنس کھیلوں کے صحافیوں کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔ ان کے مطابق تجربہ کار صحافیوں کی موجودگی سے صحافت کے معیار میں بہتری آئے گی اور مثبت صحافت نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دے گی۔
سرفراز احمد نے اپنے ابتدائی کرکٹ کیریئر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے تھے تو اپنی خبروں کی فوٹو کاپیاں کرواتے، موٹرسائیکل پر آئی آئی چندریگر روڈ جاتے اور مختلف اخبارات کے دفاتر میں اپنی خبر خود پہنچاتے تھے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایسوسی ایشن اسپورٹس میڈیا الائنس (آسمان) کا قیام ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔