Gas Leakage Web ad 1

16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا

0

16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے قانون سازی کی ہدایت مانگتے ہوئے درخواست دائر کی گئی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

درخواست وکلا محمد جلال حیدر اور یحییٰ فرید خواجہ ایڈوکیٹس کے ذریعے دائر کی گئی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے مؤثر عمر کی تصدیق کا نظام وضع کیا جائے اور اس حوالے سے مناسب قانون سازی کی ہدایات جاری کی جائیں۔

مؤقف اپنایا گیا کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے مضر اثرات، سائبر بُلنگ، آن لائن ہراسگی اور نقصان دہ مواد سے بچانے کے لیے جامع قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک بنانا ضروری ہے۔

درخواست میں آسٹریلیا، فرانس، برطانیہ، نیوزی لینڈ اور اسپین کی قانون سازی کو بطور مثال پیش کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ان ممالک میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو عمر کی حد، والدین کی رضامندی اور دیگر حفاظتی اقدامات سے مشروط کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں برطانیہ کے Online Safety Act 2023، آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق قانون، فرانس میں 15 سال سے کم عمر کے لیے والدین کی رضامندی، نیوزی لینڈ میں 16 سال سے کم عمر پر مجوزہ پابندی اور اسپین کی مجوزہ قانون سازی کا حوالہ دیا گیا۔

درخواست گزار نے عمر کی تصدیق، والدین کے کنٹرول اور نقصان دہ مواد سے تحفظ کا نظام بنانے کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بچوں کے تحفظ کی خصوصی ذمہ داریاں دینے کی بھی استدعا کی۔

درخواست میں اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال اور جنرل کمنٹ نمبر 25 کو قانونی بنیاد بنایا گیا ہے۔ کہا گیا کہ بچوں کے بہترین مفاد کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے اور بچوں کے ڈیجیٹل حقوق، پرائیویسی اور ذہنی و جسمانی تحفظ کے لیے جامع پالیسی درکار ہے۔

درخواست میں وزارت آئی ٹی، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ، وزارت قانون، پی ٹی اے اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے خصوصی پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری میکنزم قائم کرنے اور وفاقی حکومت کو 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون سازی کی ہدایت دینے کی درخواست کی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.