ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: دو نئی ٹیموں کا آکشن آج، جناح کنونشن سینٹر میں رنگا رنگ تقریب سجے گی
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کے لیے آکشن کی گھڑی آن پہنچی ہے۔ اسلام آباد کا جناح کنونشن سینٹر رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا جہاں آکشن کی تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ بولی لگنے میں چند ہی گھنٹے باقی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دو نئی ٹیموں کے آکشن کے لیے ریہرسل مکمل ہو چکی ہے۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم بھی منفرد انداز میں آکشن تقریب میں شریک ہوں گے، جس سے ایونٹ کی دلکشی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
پی سی بی کے سی او او سمیر احمد سید نے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا جبکہ سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے آکشن تقریب کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر میڈیا عامر میر، ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی اور چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
آکشن کی تقریب میں آنے والے بڈرز اور معزز مہمانوں کا ریڈ کارپٹ پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ تقریب میں رائزنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز جیتنے والی پاکستان ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر دونوں چیمپئن ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا جائے گا اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
دنیا بھر کے پی ایس ایل شائقین یہ رنگا رنگ تقریب پی سی بی کے یوٹیوب چینل، پی ٹی وی اسپورٹس، اے اسپورٹس اور جیو سپر پر براہِ راست دیکھ سکیں گے۔