Gas Leakage Web ad 1

میں نے 100 فیصد دینےکی کوشش کی، پلان پر عمل کیا اور اللہ نے عزت سے نوازا: حنین شاہ

0

حیدرآباد کنگز کے کھلاڑی حنین شاہ نے کہا ہے کہ ہر میچ میں ہر کھلاڑی اپنی جانب سے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہے، انہوں نے بھی یہی حکمت عملی اپنائی، اپنے پلان پر عمل کیا اور اللہ نے انہیں کامیابی سے نوازا۔

Gas Leakage Web ad 2

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فتح کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے حنین شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی ایس ایل سے قبل چھ سے سات ماہ تک سخت محنت کی، انجری کے بعد واپسی ایک مشکل مرحلہ تھا، تاہم انہوں نے محنت جاری رکھی اور پی ایس ایل کو اپنا ہدف بنایا۔

گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان

پی ایس ایل میں حیدرآباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

حنین شاہ نے بتایا کہ اس دوران نسیم شاہ نے ان کی بھرپور رہنمائی کی، انہیں دباؤ اور چیلنجز سے نمٹنے کا طریقہ سکھایا، جس کا کریڈٹ وہ نسیم شاہ کو دیتے ہیں۔

میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخری اوور میں چھ رنز کا دفاع کرتے وقت زیادہ بات چیت نہیں کی، انہیں اللہ پر یقین تھا اور انہوں نے چھ یارکرز کرنے کا ہدف رکھا، اسی کے مطابق فیلڈ سیٹ کی۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کی موجودگی نہایت اہم ہوتی ہے کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کو حوصلہ ملتا ہے، انہیں بھی کراؤڈ سے حوصلہ افزائی ملی۔

حنین شاہ نے مزید کہا کہ کوچ کی ہدایت کے مطابق بولنگ کے دوران ذہن کو صاف رکھنا ضروری ہے اور انہوں نے اسی پر عمل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں ٹیم کا ہدف صرف اچھی کارکردگی دکھانا ہوگا، ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ ونر ہیں، سب اچھا کھیل رہے ہیں اور آئندہ بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، جبکہ فائنل کے لیے حکمت عملی کو سادہ رکھا جائے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.