پشاور میں پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک پر مشاورت کی غرض سے یہ اجلاس طلب کیا تھا۔
سندھ میں آج سے 27 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس کے دوران ماحول میں تلخی پیدا ہو گئی اور ناراض ارکان نے سخت تقریریں کیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خطاب کے بعد ناراض دھڑے کی طرف سے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کے ان سخت جملوں پر وزیراعلیٰ ناگواری کا اظہار کرنے لگے، تاہم انہوں نے ناراض اراکین کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس کے باوجود ماحول کی تلخی کے باعث ناراض ارکان اجلاس چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الہٰی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام افراد نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ناراض اراکین نے یہ مطالبہ رکھا تھا کہ حلف برداری کے لیے ایک کنونشن منعقد کرایا جائے اور سینیٹ انتخابات کی طرز پر بانی کی رہائی کی تحریک کے لیے بھی تمام ارکان سے حلف لیا جائے۔
فضل الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی محض باتوں سے ممکن نہیں ہو گی بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔