چیٹ جی پی ٹی کا نیا فیچر جو صارفین کیلئے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا
چیٹ جی پی ٹی میں حساس گفتگو کو لاک کرنے کے نئے فیچر کا اضافہ

چیٹ جی پی ٹی دنیا کا مقبول ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اسسٹنٹ ہے، جسے مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اب اس میں ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو صارفین کو اپنی حساس اور ذاتی گفتگو محفوظ رکھنے میں مدد دے گا۔
اس فیچر کے تحت صارفین اپنی حساس تفصیلات پر مبنی چیٹس کو پن کوڈ یا فنگر پرنٹ اسکین کے ذریعے لاک کرسکیں گے، تاکہ کوئی دوسرا شخص ان تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔
پانی ہماری ریڈلائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی: وزیراعظم
اوپن اے آئی کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسے خاص طور پر ایسے افراد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو اپنی ڈیوائسز دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے چیٹ لاک کی طرح کام کرے گا، یعنی صارفین چیٹ جی پی ٹی پر ہونے والی حساس یا ذاتی گفتگو کو 4 ہندسوں کے پن کوڈ، فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی کے ذریعے لاک کرسکیں گے۔
کسی چیٹ کو لاک کرنے کے بعد وہ عام چیٹ ہسٹری، پن کی گئی چیٹس اور سرچ رزلٹس میں نظر نہیں آئے گی۔ ان چیٹس تک رسائی کے لیے صارفین کو پروجیکٹس میں موجود لاکڈ چیٹس کے فولڈر میں جانا ہوگا۔
چیٹ جی پی ٹی میں پہلے ہی عارضی چیٹس (Temporary Chats) کا فیچر دستیاب ہے، جس کے تحت ان چیٹس کا مواد چیٹ بند ہونے کے بعد ڈیلیٹ ہوجاتا ہے اور وہ چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ کی ہسٹری میں بھی نظر نہیں آتا۔
تاہم، لاک چیٹس کے نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی حساس تفصیلات پر مشتمل گفتگو کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھ سکیں گے، جبکہ اس تک رسائی کو بھی محدود کیا جاسکے گا۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اسے بتدریج چیٹ جی پی ٹی کے مفت صارفین سمیت گو، پلس، پرو، بزنس، انٹرپرائز اور ایجو پلانز کے صارفین کے لیے دستیاب کیا جائے گا۔



