پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ان کے ساتھ ہونے والی آخری ملاقات میں یہ بتایا تھا کہ پارٹی ان کی بات نہیں مان رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید کی جانب سے سوشل میڈیا پر اقبال آفریدی کا ایک ویڈیو بیان شیئر کیا گیا ہے جس میں وہ یہ کہتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والی آخری ملاقات کے دوران عمران خان نے ان سے کہا کہ اقبال، پارٹی میری بات نہیں مان رہی ہے، اور وہ یہ بات قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر کہہ رہے ہیں۔
متنازع ٹوئٹس کیس: ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی سزامعطلی درخواستیں قابل سماعت قرار
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اقبال آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملاقات کے دوران عمران خان سے کہا تھا کہ خان صاحب، ایم کیو ایم کا ایک نعرہ تھا کہ جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے، اور آج میں بھی یہی نعرہ لگا رہا ہوں کہ جو عمران کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے۔
اس کے بعد انہوں نے بتایا کہ ان کی عمران خان سے دوسری ملاقات نہیں ہو سکی، اگر دوسری ملاقات ہوئی ہوتی اور عمران خان نے انہیں کسی شخص کا نام بتایا ہوتا تو وہ شخص آج اس دنیا میں موجود نہ ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہر بار ملاقات کے لیے درخواست جمع کرواتے ہیں اور جس دن ان کی ملاقات ہو گئی اور عمران خان نے انہیں بتا دیا کہ فلاں شخص ان کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہا، تو وہ اللہ کی قسم اٹھا کر کہتے ہیں کہ وہ اس کو نہیں چھوڑیں گے اور اسے اڑا دیں گے، یہ ان کا وعدہ ہے۔
اسی حوالے سے پنجاب حکومت کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان اور ان کی فیملی سے پاکستان کے لیے کبھی کوئی خیر ممکن ہی نہیں ہو سکتی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جیل میں رہنا قبول کریں گے لیکن حکومت کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔