عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر درمیانی عمر میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کے عارضے کا امکان نمایاں طور پر زیادہ ہو جاتا ہے۔ تاہم، روزانہ مخصوص وقت تک چہل قدمی کو معمول بنا کر ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

کچھ عرصے قبل ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ باقاعدگی سے چہل قدمی کرنے سے ہڈیوں کی مضبوطی برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کراچی کےکئی علاقوں میں بجلی بندش کے باوجود کے الیکٹرک کا 70 فیصد حصے کو لوڈشیڈنگ فری رکھنے کا دعویٰ
جرنل آسٹیوپوروسس انٹرنیشنل (Osteoporosis International) میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں 24 ہزار سے زائد معمر افراد کو شامل کیا گیا اور ان کی چہل قدمی کی عادات سے متعلق معلومات جمع کی گئیں۔
تحقیق میں شامل افراد کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلے گروپ میں ایسے افراد شامل تھے جو روزانہ چہل قدمی نہیں کرتے تھے، جبکہ دوسرے گروپ میں وہ افراد شامل تھے جو روزانہ 30 منٹ یا اس سے کم وقت تک پیدل چلتے تھے۔ تیسرے گروپ میں روزانہ 30 سے 60 منٹ تک چہل قدمی کرنے والے افراد شامل تھے، جبکہ چوتھے گروپ میں ایسے افراد کو رکھا گیا تھا جو روزانہ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک پیدل چلتے تھے۔
تحقیق کے دوران ان افراد کی صحت کا 37 ماہ تک جائزہ لیا گیا۔ اس عرصے میں 4 ہزار 586 افراد میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کے عارضے کی تشخیص ہوئی۔
محققین نے دریافت کیا کہ روزانہ 30 منٹ یا اس سے کم وقت تک چہل قدمی کرنے والے افراد میں اوسطاً ہر 100 میں سے 19 افراد میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کی تشخیص ہوئی۔ اس کے مقابلے میں روزانہ 30 سے 60 منٹ تک پیدل چلنے والے افراد میں یہ شرح کم رہی اور اوسطاً ہر 100 میں سے 15 افراد اس عارضے کا شکار ہوئے۔
اسی طرح روزانہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک چہل قدمی کرنے والے افراد میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کی شرح مزید کم دیکھی گئی، جہاں اوسطاً ہر 100 میں سے 10 افراد میں اس عارضے کی تشخیص ہوئی۔
محققین کے مطابق روزانہ ایک گھنٹے یا اس سے زائد وقت تک چہل قدمی کو معمول بنانے سے ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ جن افراد میں جینیاتی طور پر ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، وہ بھی روزانہ چہل قدمی کو اپنی عادت بنا کر ہڈیوں کے بھربھرے پن کے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ باقاعدگی سے چہل قدمی کرنا ہڈیوں کی مضبوطی برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کو مضبوط رکھنا خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انسانی ہڈیوں کا حجم عموماً 30 سال کی عمر تک اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ جاتا ہے۔ اس کے بعد اگر ہڈیوں کی صحت کا مناسب خیال نہ رکھا جائے تو وقت گزرنے کے ساتھ ان کا حجم کم ہونے لگتا ہے، جس کے نتیجے میں ہڈیوں کی کمزوری اور دیگر متعلقہ مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔



