گوگل کلاؤڈ ڈیٹا سینٹر میں بجلی کی بندش سے برطانیہ میں بینکنگ نظام شدید متاثر
لندن کے قریب واقع گوگل کلاؤڈ کے ایک ڈیٹا سینٹر میں منگل کے روز بجلی کی بندش کے باعث برطانیہ کے متعدد بڑے بینکوں اور دیگر کاروباری اداروں کا نظام متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں صارفین کو مختلف ڈیجیٹل خدمات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
این سی سی آئی اے کی کارروائی: جعلی ویب سائٹ پر امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے والا گرفتار
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی جانب سے سروس اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ بجلی کی فراہمی میں تعطل کے باعث گوگل کلاؤڈ کی خدمات متاثر ہوئیں، جس سے اس کے نظام پر انحصار کرنے والے متعدد اداروں کی سروسز میں خلل پیدا ہوا۔

گوگل کلاؤڈ میں خرابی کے باعث ڈیجیٹل بینک ’ریوولٹ‘ کی خدمات شدید متاثر ہوئیں، جن میں اے ٹی ایم سے متعلق سہولیات، بینک ٹرانسفرز اور کارڈ ٹاپ اپس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے معروف بینکوں لائیڈز اور ایچ ایس بی سی نے بھی اپنے صارفین کو موبائل ایپلی کیشنز اور آن لائن بینکنگ سروسز تک رسائی میں پیش آنے والی مشکلات کی تصدیق کی ہے۔
انٹرنیٹ سروسز میں تعطل پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق، اس خرابی سے صرف بینکنگ کا شعبہ ہی متاثر نہیں ہوا بلکہ برطانیہ کی قومی ڈاک سروس ’رائل میل‘ سمیت درجنوں دیگر کاروباری اداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گوگل کلاؤڈ کے ڈیٹا سینٹر میں بجلی کی بندش کے باعث مختلف اداروں کی ڈیجیٹل خدمات متاثر ہونے سے صارفین کو معمول کے آن لائن لین دین اور دیگر سہولیات کے استعمال میں دشواری پیش آئی۔



