سندھ میں 27 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی، مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
ایشین فائیو اے سائیڈ ہاکی: پاکستان کو بھارت سے شکست
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے مون سون کی طاقتور ہوائیں جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 27 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھڑ، شہید بینظیرآباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور، دادو سمیت دیگر اضلاع میں بارش متوقع ہے۔
حکام کے مطابق بارشوں کے باعث تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں آئندہ تین روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب جبکہ مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مضافاتی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
حکام نے بتایا کہ کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔