کراچی: کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے 70 فیصد علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، جبکہ اس وقت کراچی کے صرف 30 فیصد بجلی کے نیٹ ورک پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ شہر کے بیشتر ایسے علاقے بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں جہاں شہری باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، تاہم دیگر علاقوں میں لائن لاسز کے باعث ان علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کچھ کھلاڑیوں کو شہرت ملتی ہے تو وہ سیکھنا بھول جاتے ہیں، چیئرمین پی سی بی
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق کمپنی کے بجلی کے نیٹ ورک کا سہ ماہی جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ شہر کے 70 فیصد علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، جبکہ اس وقت شہر کے صرف 30 فیصد نیٹ ورک میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کورنگی، اورنگی ٹاؤن اور جمشید ٹاؤن کے متعدد فیڈرز ہائی لاس سے میڈیم لاس کی سطح پر آگئے ہیں۔ سہ ماہی جائزے کے دوران انفرادی طور پر مختلف فیڈرز میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق لوڈشیڈنگ کا انحصار بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی پر ہوتا ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق رواں سال بجلی چوری کے خلاف تقریباً 5 ہزار کارروائیاں کی گئیں، جبکہ بجلی کے نیٹ ورک سے 44 ہزار کلوگرام سے زائد غیر قانونی تاریں بھی ہٹائی گئیں۔



