اسلام آباد: پاکستان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی مثبت شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جسے انسدادِ پولیو مہم کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق جون 2026 کے دوران ملک بھر سے پولیو وائرس کی نگرانی کے لیے 127 ماحولیاتی نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 117 نمونے پولیو وائرس سے منفی قرار پائے، جبکہ صرف 10 نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا اسکولوں میں خود پڑھانے کا اعلان
ادارے کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران پولیو وائرس کے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی مجموعی تعداد 369 سے کم ہو کر 100 رہ گئی ہے، جو وائرس کے پھیلاؤ میں واضح کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے حاصل کیے گئے تمام 31 ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک قرار دیے گئے، جبکہ سندھ کے 29 میں سے 28 نمونے منفی آئے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے 34 میں سے 30 اور بلوچستان کے 23 میں سے 18 ماحولیاتی نمونے بھی پولیو وائرس سے منفی پائے گئے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے دوران اب تک ملک میں پولیو کے صرف 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں پولیو وائرس کی مثبت شرح 48.1 فیصد سے کم ہو کر 13.1 فیصد رہ گئی ہے، جو انسدادِ پولیو اقدامات کی مؤثریت کو ظاہر کرتی ہے۔
ادارے کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ماحولیاتی نگرانی، ویکسینیشن کوریج اور ہر بچے تک رسائی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ نیشنل ای او سی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنانے کی کوششیں مسلسل جاری رہیں گی۔