ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز کو عارضی طور پر کرایوں میں اضافہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
آر ٹی اے سیکرٹری کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیزل پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 8 فیصد جبکہ پیٹرول پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئندہ سات روز تک اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 فیصد سے کم اضافہ ہوتا ہے تو کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس کے فیصلے کے مطابق 20 جون کو متفقہ طور پر منظور کیے گئے کرایہ نامے کو بنیادی کرایہ تصور کیا جائے گا، جبکہ عارضی طور پر ڈیزل سے چلنے والی ٹرانسپورٹ کو اسی بنیادی کرائے پر 8 فیصد تک اضافہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
مزید یہ بھی طے پایا کہ آئندہ سات دن کے دوران اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد اضافہ ہوتا ہے تو کرایہ نامے پر دوبارہ نظرثانی کرتے ہوئے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جا سکے گا۔