وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ اور ’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ پروگراموں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں کاہنہ جیسے سانحات کی روک تھام کے لیے ’’اپنا گھر، محفوظ گھر‘‘ پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کی نئی کیٹیگری تین روز کے اندر عوام کے لیے متعارف کرائی جائے، جبکہ گھر بنانے کے لیے آسان قرض کے طریقہ کار کو مزید سہل بنایا جائے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’اپنا گھر، محفوظ گھر‘‘ پروگرام کے تحت کمزور چھتوں والے خستہ حال اور مخدوش گھروں کی مرمت اور انہیں محفوظ بنانے کے لیے 5 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ نئی منزل یا اضافی فلور کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری کے امیدواروں کے انٹرویوز کا شیڈول جاری
اجلاس میں پیش کی گئی خصوصی دستاویزی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آذربائیجان کے شہر باکو میں پنجاب پاکستان پویلین کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے بلاسود قرض منظور کیے جا چکے ہیں اور ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض فراہم بھی کیا جا چکا ہے۔ اس منصوبے کے لیے 217.8 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 27 ہزار 500 کے قریب گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر سے 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں نے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’اپنا گھر، محفوظ گھر‘‘ پروگرام کے تحت خستہ حال اور کمزور چھتوں والے مکانات کی مرمت اور انہیں محفوظ بنانے کے لیے 5 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ اضافی منزل یا نئی فلور کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ’’اپنی زمین اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار پلاٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ منصوبے کے تحت مختلف علاقوں میں بحالی اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بحران کے وقت بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہی اچھی طرزِ حکمرانی کی علامت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن 2 ہزار بے گھر خاندانوں کو حکومت نے مفت پلاٹ فراہم کیے ہیں، انہیں گھر کی تعمیر کے لیے قرض بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے گھر بنانے کے لیے آسان قرض کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جن شہریوں کے گھر مخدوش ہیں یا جن کی چھتیں کمزور ہو چکی ہیں، پنجاب حکومت انہیں محفوظ اور بہتر بنانے میں بھرپور معاونت کرے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ اور اس سے منسلک تمام پروگرام پنجاب حکومت کے فلیگ شپ منصوبے ہیں، ان میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ غریب شہریوں پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے اور قرض کے حصول کے ضوابط میں بھی کوئی سختی نہ کی جائے۔