یوزر نیم: واٹس ایپ کا نیا فیچر جس میں نمبر دیے بغیر رابطہ ممکن ہوگا
واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صارفین اب اپنا موبائل نمبر شیئر کیے بغیر بھی دوسروں سے رابطہ کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو واٹس ایپ یوزر نیم بنانے کی سہولت دی جا رہی ہے، جس کے ذریعے لوگ صرف یوزر نیم استعمال کرکے ایک دوسرے سے رابطہ قائم کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اگر کوئی صارف اپنا فون نمبر ظاہر نہیں کرنا چاہتا تو وہ اپنا یوزر نیم شیئر کر سکتا ہے اور دوسرا شخص اسی یوزر نیم کے ذریعے واٹس ایپ پر پیغام بھیج سکے گا۔ اس صورت میں فون نمبر نجی رہے گا اور سامنے والا شخص نمبر پر براہِ راست کال یا ٹیکسٹ بھی نہیں کر سکے گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نےکرپٹوکرنسی کے کاروبار سے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کمالیے
واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر رواں ہفتے سے مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے اور صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اکاؤنٹ کے حصے میں اپنا یوزر نیم منتخب کر سکیں گے۔ تاہم اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کے پاس واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن ہونا ضروری ہوگا۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یوزر نیم رکھنا لازمی نہیں ہوگا اور صارفین حسبِ معمول اپنے فون نمبر کے ذریعے بھی واٹس ایپ استعمال کرتے رہیں گے۔ یوزر نیم زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگا اور صارفین اسے بعد میں تبدیل یا حذف بھی کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ نیا فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران مرحلہ وار دنیا بھر کے تقریباً تین ارب صارفین کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔ کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ معروف شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ جعل سازی اور دھوکہ دہی کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔