اسلام آباد: پاور ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ جون میں بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا اور صارفین کو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافی بوجھ سے محفوظ رکھا گیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے ممکنہ بوجھ سے بچایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی بندش اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود صارفین پر اضافی مالی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق پاور ڈویژن نے صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا ہے اور ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ کے اضافے پر روک دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا زمینداروں سے 2 لاکھ 25 ہزار ٹن گندم خریدنے کا اعلان
ترجمان نے مزید کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی طلب میں اضافے اور اسپیشل پیکج کے باعث صارفین کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کول پلانٹس سے پیداوار کے ذریعے لوڈ مینجمنٹ میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن ہوئی، جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے باعث 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا بلکہ تقریباً 20 پیسے فی یونٹ تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔