لاہور: پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے اور اب تک 81 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کی تفصیلات جمع کر لی گئی ہیں۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق سیلاب زدہ 27 اضلاع میں 1857 ٹیموں نے سروے میں حصہ لیا اور 81 ہزار 510 متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سروے ٹیموں نے اب تک 56 ہزار 207 کسانوں سے فصلوں کے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی ہیں، جن کے مطابق 53 ہزار 985 ایکڑ رقبہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیموں نے 24 ہزار 246 متاثرہ گھروں کا بھی ریکارڈ جمع کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مویشیوں سے محروم ہونے والے 1057 افراد کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی ہیں، جنہوں نے مجموعی طور پر 3945 مویشیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ مکانات اور ہلاک مویشیوں کے اعدادوشمار جمع کرنے کا عمل تاحال جاری ہے۔
اتھارٹی کے مطابق سروے ٹیمیں مشکل علاقوں تک پہنچنے کے لیے کشتیوں کی مدد سے بھی متاثرہ دیہات جا رہی ہیں تاکہ سیلاب متاثرین کا ڈیٹا کسی صورت نامکمل نہ رہے۔