پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو زبردستی باہر نکالنے، مسلح افراد کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے اور جعلی ووٹنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں، جو انتہائی سنگین نوعیت کی ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ: پیپلز پارٹی نے ایک نشست پر میدان مارلیا
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن حلقہ ایل اے 12 کے متنازع پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج فوری طور پر روکے اور متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فوج کی نگرانی میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات ہر امیدوار اور ووٹر کا بنیادی جمہوری حق ہیں، عوامی مینڈیٹ پر کسی بھی قسم کا ڈاکا قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر تمام امیدواروں کو مساوی انتخابی ماحول فراہم کریں اور دوبارہ پولنگ کے عمل کی تکمیل تک حلقے کے حتمی نتائج کا اعلان نہ کیا جائے۔