کراچی میں کھدائی کے دوران دو قدیم مورتیاں دریافت
لی مارکیٹ کراچی میں کھدائی کے دوران دو قدیم مجسمے دریافت
کراچی: اولڈ سٹی ایریا لی مارکیٹ میں بحالی کے کام کے دوران کھدائی سے دو قدیم مجسمے دریافت ہوئے ہیں، جن کی تاریخی حیثیت اور اہمیت کا تعین ماہرین آثار قدیمہ سے کرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مجسموں کی دریافت سے متعلق پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں مجسموں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی تاریخی حقیقت جاننے کے لیے ماہرین سے تحقیقات کرائی جائیں گی۔
پیپلزپارٹی نے اجازت نہ ملنے پر مینار پاکستان سے جلسے کا مقام تبدیل کردیا
کے ایم سی کے تحت اولڈ سٹی ایریا لی مارکیٹ کی بحالی کا کام جاری تھا، اسی دوران کھدائی کے دوران دو قدیم طرز کے مجسمے ملے جو بظاہر مکمل اور درست حالت میں موجود ہیں۔
میئر کراچی کے مطابق آثار قدیمہ کے ماہرین اور متعلقہ ثقافتی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ مجسمے کتنے پرانے ہیں، ان کی تاریخی اہمیت کیا ہے اور آیا ان کا تعلق ماضی میں دریافت ہونے والے دیگر مجسموں سے ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس مقام سے یہ مجسمے دریافت ہوئے ہیں وہاں مزید کھدائی انتہائی احتیاط سے کی جا رہی ہے تاکہ اگر مزید تاریخی نوادرات موجود ہوں تو انہیں محفوظ بنایا جا سکے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ مجسموں کی سائنسی بنیادوں پر بھی تحقیقات کی جائیں گی تاکہ ان کی اصل تاریخ، نوعیت اور اہمیت کے بارے میں مکمل معلومات حاصل ہو سکیں۔
ترجمان کے ایم سی کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ دریافت ہونے والے مجسمے مکمل حالت میں ہیں اور برصغیر میں ملنے والی قدیم مورتیوں سے مشابہت رکھتے ہیں۔