وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت انٹرنیٹ سروسز کی بہتری سے متعلق اہم اجلاس
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ رابطہ کاری کے مسائل اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے نے وزیراعلیٰ کو گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی بہتری کے لیے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوام کو معیاری، مستحکم اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات پر کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان ملک کا اہم سیاحتی خطہ ہے، جہاں تیز رفتار اور مستحکم انٹرنیٹ کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ڈیجیٹل رابطہ کاری سے سیاحت، ای گورننس، کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور حکومتی خدمات کی فراہمی کو فروغ ملے گا، جس سے خطے کی معیشت اور حکومتی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کی قلت انٹرنیٹ سروسز کے تسلسل پر منفی اثر ڈال رہی ہے، اس لیے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں بجلی کی بندش کے دوران خدمات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے مؤثر بیک اپ پاور سسٹمز کا انتظام یقینی بنائیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے پائیدار حل کے لیے جلد وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے عملی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنا کر سیاحت، تعلیم، صحت، تجارت اور عوامی خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔