سندھ میں ایم پاکس (منکی پاکس) کے مزید کیسز سامنے آگئے ہیں۔ سندھ انفیکشز ڈیزیز اسپتال نیپا میں تین افراد میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ ایک اور مشتبہ کیس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق تینوں مریضوں کے پی سی آر ٹیسٹ میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔ ان میں سے دو مریضوں کا تعلق سندھ کے مختلف اضلاع سے جبکہ ایک مریض کراچی سے ہے۔ متاثرہ افراد میں باپ اور بیٹی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے سامنے آنے والے کیس میں 46 سالہ شخص متاثر ہوا ہے جس کا تعلق فیڈرل بی ایریا سے ہے۔ ایک مشتبہ مریض کے ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
رواں سال ملک میں ایم پاکس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کراچی میں مجموعی طور پر تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔