فیلڈ مارشل، میں اور قوم سعودیہ کیساتھ ہیں، وزیراعظم کا ولی عہد سے رابطہ، آئل ٹینکرز پر حملے کی مذمت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں، فیلڈ مارشل اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں وزیراعظم نے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے شدید ترین الفاظ میں اس کی مذمت کی۔
پاکستان سمندری اثاثوں کے دفاع کے لیے طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتا ہے: دفتر خارجہ
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایسے اقدامات کسی صورت قابلِ قبول نہیں، یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور جہاز رانی، تجارتی نقل و حمل کی آزادی، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت، فیلڈ مارشل اور پوری قوم اس حساس موقع پر سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور بین الاقوامی سمندری تجارتی راستوں کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا، جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مسلسل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔