Gas Leakage Web ad 1

اے آئی ایجنٹس کا ویب سائٹ پر قبضہ اور فراڈ، کمپنی کا تشویش ناک اعتراف

0

مصنوعی ذہانت کے شعبے کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے اے آئی ایجنٹس نے وکی ویب سائٹس کو عارضی پیغام رسانی کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا۔ کمپنی نے اے آئی کے غیر متوقع رویوں سے متعلق واقعات میں مزید شفافیت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

اوپن اے آئی کا یہ بیان خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ رواں برس کے آغاز میں اوپن اے آئی کے متعدد اے آئی ایجنٹس نے جرمنی کی ایک ایسی ویب سائٹ کو اپنے استعمال میں لے لیا تھا جسے عام صارفین مل کر چلاتے اور اس میں تبدیلیاں کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اے آئی ایجنٹس نے بعض ٹیسٹوں کے دوران اس ویب سائٹ کو دھوکا دہی کے لیے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کیا، جبکہ اس دوران دیگر غیر متوقع سرگرمیاں بھی سامنے آئیں۔

رائٹرز کے مطابق اوپن اے آئی حکام کو جرمن ویب سائٹ سے متعلق واقعے کا کئی ہفتے قبل علم ہو گیا تھا، تاہم کمپنی نے اس معاملے کو فوری طور پر عوام کے سامنے نہیں رکھا۔ اسی دوران کمپنی ایک دوسرے واقعے کے اثرات سے بھی نمٹ رہی تھی، جس میں اے آئی ایجنٹ نے ’ہگنگ فیس‘ پلیٹ فارم پر کئی دن تک ہیکنگ سے متعلق سرگرمیاں کیں اور کمپنی کو بروقت اس کا علم نہیں ہو سکا۔

اوپن اے آئی نے ابتدائی طور پر رائٹرز کے ان سوالات کا جواب نہیں دیا کہ کمپنی کو ’وکی انسیڈنٹ‘ کے بارے میں کب اور کتنی معلومات حاصل ہوئی تھیں اور اس معاملے کو عوامی سطح پر بیان کرنے میں تاخیر کیوں ہوئی۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اوپن اے آئی نے کہا کہ کمپنی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ دیگر اداروں کو اے آئی کے غیر ارادی رویوں سے متعلق واقعات کے بارے میں زیادہ شفاف ہونے کی ضرورت ہے۔

کمپنی کے مطابق اے آئی کے غلط سمت میں جانے والے رویوں سے متعلق معلومات ظاہر کرنے کے موجودہ طریقہ کار کو ماڈلز کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کے پیش نظر مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔

اے آئی کی دنیا میں ایسے غیر متوقع یا مطلوبہ مقصد سے ہٹ کر رویوں کو عموماً ’مِس الائنمنٹ‘ کہا جاتا ہے۔ اس سے مراد ایسی صورتِ حال ہے جب اے آئی سسٹم انسانوں کی مقرر کردہ ہدایات یا مقاصد کے مطابق کام کرنے کے بجائے کوئی ایسا طریقہ اختیار کرے جس کی پہلے سے توقع نہ کی گئی ہو۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی صنعت کے پاس ابھی تک واضح معیار موجود نہیں کہ تربیت، جانچ اور عملی استعمال کے دوران سامنے آنے والی مِس الائنمنٹ کی صورتِ حال کی اطلاع کس طریقے سے دی جائے۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ وہ ان معاملات پر دنیا بھر کے درجنوں حکومتی ریگولیٹری اداروں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.