گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کا اعلان
پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی ہدایت پر مختلف حلقوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت، سکردو، ہنزہ، استور، دیامر، غذر اور کھرمنگ سمیت تمام اضلاع میں اپنے امیدوار نامزد کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع گلگت کے حلقوں میں شفیق الدین، حافظ حفیظ الرحمان اور محمد اقبال کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں، جبکہ سکردو کے حلقوں میں محمد اکبر خان، امتیاز حیدر خان اور اجمل حسین کو پارٹی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی، نواز شریف
اسی طرح ہنزہ، کھرمنگ، شگر، استور اور دیامر کے حلقوں میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میدان میں اتار دیے گئے ہیں، تاہم نگر اور گانچھے کے دو، دو حلقوں میں فی الحال ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ، پارٹی خدمات اور مقامی مشاورت کی بنیاد پر کی گئی ہے، جبکہ انتخابات میں بھرپور کامیابی کے لیے جامع حکمت عملی بھی مرتب کی گئی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے کہا ہے کہ عوامی حمایت سے انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کی جائے گی اور گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کو ترجیح دی جائے گی۔
ٹکٹوں کے اعلان کے بعد گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔