Gas Leakage Web ad 1

وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی، نواز شریف

0

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں امیدواروں کے لیے خود جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔

Gas Leakage Web ad 2

سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے الیکشن مہم کے دوران آزاد کشمیر جانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ان کے جون کے وسط میں آزاد کشمیر جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز بھی ان کے ہمراہ جا سکتی ہیں۔

پشاور: ایف آئی اے خیبرپختونخوا کی تاریخ کی سب سے بڑی حوالہ/ہنڈی کارروائی

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کو بطور وزیراعظم اور مریم نواز کو بطور وزیراعلیٰ قانون کے مطابق کشمیر میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہباز شریف اور مریم نواز کے آزاد کشمیر میں دو سے تین جلسے متوقع ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں سے 206 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔ ہر امیدوار کو دو سے تین منٹ گفتگو کے لیے دیے گئے جبکہ پارٹی صدر نواز شریف بورڈ ارکان کی مشاورت سے دو سے تین روز میں حتمی امیدواروں کا فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں سے پارٹی وابستگی اور عوامی مقبولیت کے حوالے سے سوالات کیے، جبکہ آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما امیر مقام کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے نواز شریف کے سامنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران نظریہ پاکستان اور نظریہ تحریک آزادی کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ تحریک آزادی کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے میں طویل وقت درکار ہوگا۔

امیدواروں نے نواز شریف سے گفتگو کے دوران کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں آزاد کشمیر میں جو سیاسی صورتحال رہی وہ افسوس ناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں اور اپنے بچوں کی قربانیاں دی ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جو کشمیریوں کے حقیقی نظریے اور شہدا کی وارث ہے۔

کشمیری امیدواروں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ناگزیر ہے، بصورت دیگر تحریک آزادی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کشمیری ہیں اور کشمیریوں سے محبت ان کے خون میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں خود جا کر اپنے امیدواروں کے لیے ووٹ مانگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے 45 انتخابی حلقوں سے 206 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔ پارٹی صدر نواز شریف نے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ امیدواروں کے انٹرویوز کیے جبکہ کامیاب امیدواروں کو 30 روز کے اندر پارٹی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔

پارلیمانی بورڈ کے ارکان میں خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، امیر مقام، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، محمد صفدر اور برجیس طاہر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شاہ غلام قادر، راجہ محمد فاروق حیدر، مشتاق منہاس، چوہدری محمد سعید اور چوہدری طارق فاروق بھی بورڈ کے ارکان میں شامل ہیں، جبکہ اجلاس میں نجیب نقی خان، افتخار گیلانی اور چوہدری عبدالرحمان نے بھی شرکت کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.