دفاتر کی چمک دمک پر عوام کا پیسہ خرچ نہیں ہوگا، نگران وزرا نے فنڈز واپس کر دیے، شبیر میر
گلگت: ترجمان نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شبیر میر نے کہا ہے کہ نگران وزرا نے دفاتر کی تزئین و آرائش کے لیے مختص لاکھوں روپے کے فنڈز لینے سے انکار کرتے ہوئے رقم واپس صوبائی خزانے میں جمع کرا دی ہے۔
جب معاملات طے ہونے لگتے ہیں امریکا فوجی مہم شروع کرکے اسے تباہ کردیتا ہے؛ ایران
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نگران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ یار محمد کی کفایت شعاری اور عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل اور عملی مظہر ہے۔ ان کے مطابق موجودہ نگران سیٹ اپ نے سرکاری دفاتر کو شاہانہ انداز میں سجانے کے بجائے عوامی مفاد کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شبیر میر نے کہا کہ جب عوام مہنگائی اور بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہوں تو دفاتر کی آرائش پر سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کرنا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق یہی وسائل عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر صرف ہونے چاہئیں۔
انہوں نے بتایا کہ نگران وزیر اعلیٰ نے اس فیصلے کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے جس سے کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نگران حکومت پہلے ہی روزمرہ اخراجات میں نمایاں کمی لا چکی ہے اور جنریٹرز کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت کر کے قومی خزانے پر اضافی بوجھ کم کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل عوامی فلاح پر خرچ کیے جا سکیں۔