ملک بھر کے سکول و مدارس کے 5 لاکھ ہونہار طلبہ میں کروم بکس کی تقسیم کا آغاز
وزیراعظم شہباز شریف نے کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے ہونہار اور قابل بچوں کو بااختیار بنانے کے ایک اہم سفر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل بچے اور بچیاں پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، جبکہ انہیں بااختیار بنانا اور جدید ترین ٹیکنالوجی و مہارتوں سے آراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ باصلاحیت بیٹے اور بیٹیاں پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں اور طلبہ و طالبات کو کروم بکس صرف میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں میرٹ کی بنیاد پر چھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تھے، جبکہ اب کروم بکس کے ساتھ طلبہ کو اسکول بیگ اور انٹرنیٹ ڈیوائس بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
پاکستان ٹائیکوانڈو فیڈریشن: جنرل کونسل اور ایگزیکٹو باڈی کے 24 ارکان کی قرارداد، چیئرمین کے اختیارات اور جنرل کونسل اجلاس پر تحفظات کا اظہار
شہباز شریف نے کہا کہ کروم بکس فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائیں۔ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت کی قید میں نہیں ہونا چاہیے، جبکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا بنیادی مقصد انہیں عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنانا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر چھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔ جدید ڈیجیٹل سہولیات کی بدولت طلبہ گھر بیٹھے آن لائن تعلیم حاصل کرنے اور ای لائبریریوں سے استفادہ کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ دو سال کے دوران میرٹ کی بنیاد پر پانچ لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔
انہوں نے کروم بکس کی فراہمی کے لیے ٹوکیو ٹیکنالوجی کیئر فاؤنڈیشن کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ملک کے بچوں کی تعلیم اور ان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے عطیات فراہم کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی نوجوان ہمارا حقیقی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولوں میں طلبہ کو رہائش اور کھانے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان اسکولوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ اسمارٹ بورڈز اور ای لائبریریوں کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ تمام تعلیمی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 27 دانش اسکول زیرِ تعمیر ہیں۔ بچوں کو باصلاحیت اور قابل پاکستانی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے سید شمس رضا جیسے بچوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کئی بچے مشکلات کے باوجود تعلیم حاصل کرنے اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ اسکیموں میں شامل کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق کروم بکس نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی بلکہ طلبہ کے لیے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران لیپ ٹاپس نے طلبہ کو تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے اور روزگار حاصل کرنے میں مدد فراہم کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایسا زیور ہے جو انسان کو معاشرے میں ایک ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔



