Gas Leakage Web ad 1

یومِ فضائیہ: معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے غیر معمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کیا اور دشمن کو شکست دی: وزیراعظم

0

وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں پاک فضائیہ نے افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی دکھائی اور معرکہ حق میں جرأت مندانہ و غیر معمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

Gas Leakage Web ad 2

1965 کی جنگ میں 7 ستمبر کو لڑے جانے والے فضائی معرکے کی یاد میں آج یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے۔

یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں تک فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے۔ یہ ممتاز ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کے ساتھ لبیک کہا۔ ستمبر 1965 میں فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کا عزم دیدنی تھا اور اسی جوش و ولولے نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہینوں نے مادر وطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہمارا اعزاز ہے۔

وزیراعظم کے مطابق مئی 2025 میں پاک فضائیہ نے بہترین منصوبہ بندی اور کثیر الجہتی جنگی صلاحیتوں سے دشمن کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہوتے ہوئے بھی دشمن کا مقابلہ کیا۔ وہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.