قومی دفاع میں فضائیہ کا کردار تاریخی، سرینگر سے بھٹنڈا تک سبق سکھایا: ایئرچیف
معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر بھارت کا غرور خاک میں ملانے والی پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔ ان کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، تاہم پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔
پنجاب: مئی، جون اور جولائی میں معمول سے زیادہ بارشیں اور زائد درجہ حرارت متوقع
ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا اور دشمن کو دندان شکن شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق سرینگر سے بھٹنڈا تک پاک فضائیہ نے دشمن کو سبق سکھایا اور قومی دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سائبر شاہینوں نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کو بھی ناکام بنایا اور بھارتی فضائیہ کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ ان کے مطابق پاک فضائیہ نے دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں کو بھی مؤثر طور پر نشانہ بنایا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دشمن کی تمام اہم تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں اور ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی لمحوں میں تباہ کیا گیا۔ ان کے مطابق معرکہ حق میں پاکستان نے ڈرون ٹیکنالوجی، فضائی، الیکٹرانک اور سائبر وارفیئر میں بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ریکارڈ وقت میں دشمن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور ہر جوان نے اس معرکے میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ آخر میں انہوں نے تمام اہلکاروں کو معرکہ حق میں کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔