نویں محرم: ملک بھر میں جلوسوں کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات، متعدد شہروں میں ٹریفک پلان نافذ
نویں محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں مرکزی جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید نگرانی کے نظام سے مدد لی جا رہی ہے۔
اسرائیل کا امریکا سے تل ابیب ائیرپورٹ خالی کرنے کا مطالبہ، وجہ بھی سامنے آگئی
متعدد شہروں میں خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گیا ہے۔ جلوس سراج بلڈنگ، اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا۔ بعد ازاں جلوس امام بارگاہ خیمہ سادات میں مجلس عزا اور نماز مغربین کے بعد دوبارہ اپنے روایتی راستے سے گزر کر پانڈو سٹریٹ میں اختتام پذیر ہوگا۔
اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس کے تمام راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس سے قبل صبح دس بجے مرکزی مجلس عزا منعقد ہوگی۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
پشاور میں مختلف امام بارگاہوں سے نویں محرم کے متعدد مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔ انتظامیہ کے مطابق تمام جلوسوں کے لیے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوگا۔ شہر میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے جبکہ جلوس کے راستوں سے ملحقہ گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ جلوس کے روٹ پر واقع مارکیٹیں اور دکانیں بھی بند رکھی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔