یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں اور حضرت بی بی زینبؓ کے صبر و استقامت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاؓ اور اہلِ بیتؓ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق سانحۂ کربلا نے اسلامی تہذیب کے اخلاقی ضمیر کو نئی زندگی بخشی، جبکہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی اسلام اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے تھی۔
پاکستان ریلوے کو 61 ارب روپے سے زائد کا خالص نقصان ہوا، آڈیٹر جنرل
مریم نواز شریف نے کہا کہ واقعۂ کربلا انسانیت کو انصاف، حق اور سچ کی راہ پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنی قربانی سے سیاسی اخلاقیات کا ایک ابدی نمونہ پیش کیا اور ان کا نام ہر مظلوم کے لیے جرات، استقامت اور شجاعت کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک جنگی داستان نہیں بلکہ روحانی استقامت اور ایثار کا عظیم باب ہے۔ آج کے دن ہمیں حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کرنے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی شہادت ہر دور میں مظلوم اور مجبور انسانوں کے لیے حوصلے، عزم اور عمل کا سرچشمہ بنی رہے گی۔