یوم عاشور کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کی، جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ ان تعلیمات پر عمل کر کے مسلمان نہ صرف اپنی عظمتِ رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا سے ظلم، جبر اور انسانیت کے استحصال کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔
واقعہ کربلا انسانیت کے لئے انصاف کی راہ پر چلنے کی تحریک ہے: مریم نواز
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سانحۂ کربلا تاریخ کا ایک عظیم واقعہ ہے جو ظالم اور نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق اس واقعے میں پوری انسانیت کے لیے عظیم سبق پوشیدہ ہے اور حضرت امام حسینؓ یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق و صداقت کے علمبردار تھے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ظالم اور جابر حکمرانوں کی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا۔ آپؓ نے اپنے اہلِ خانہ سمیت عظیم قربانی پیش کی اور حق کی سربلندی کے لیے صبر، استقامت اور ثابت قدمی کی بے مثال مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم، ناانصافی اور لاقانونیت کے خلاف متحد ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپس کے اختلافات میں الجھنے کے بجائے ان عوامل کا خاتمہ کیا جائے جو انتشار اور بے چینی کا سبب بنتے ہیں۔ غلبۂ اسلام، استحکامِ پاکستان اور ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ایک زندہ اور باوقار قوم کی حیثیت سے ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔
سہیل آفریدی نے محرم الحرام، بالخصوص یومِ عاشور کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔