لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹ کے معیار اور اہمیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے قومی کرکٹرز کے لیے مالی طور پر زیادہ پرکشش مراعات متعارف کرانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ٹیسٹ کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کروڑوں روپے کے مالی فوائد حاصل کر سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے بی کیٹیگری حاصل کرنے والا کھلاڑی ماہانہ 48 لاکھ روپے سے زائد کما سکے گا، جبکہ سالانہ ریٹینر کی مد میں اس کی آمدنی تقریباً 5 کروڑ 70 لاکھ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ اس رقم میں میچ فیس شامل نہیں ہوگی۔
سندھ اسمبلی کا 3.562 کھرب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ
ذرائع کے مطابق اے بی کیٹیگری کا کھلاڑی ٹیسٹ اور ون ڈے میچ فیس سمیت سالانہ تقریباً 8 کروڑ روپے تک کما سکے گا۔ اس کے علاوہ اسے ایک Pakistan Super League (پی ایس ایل) اور ایک غیر ملکی لیگ میں شرکت کی اجازت بھی ہوگی، جس کے بعد اس کی مجموعی سالانہ آمدنی 15 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اے بی کیٹیگری کے کھلاڑی منتخب ہونے کی صورت میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے بھی اہل ہوں گے، جبکہ بی اور سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے بھی ترقی اور مواقع کے دروازے کھلے رکھے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے ٹاپ کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ایک نمایاں کھلاڑی کو فرسٹ کلاس میچ کھیلنے پر ساڑھے سات لاکھ روپے تک میچ فیس ملنے کا امکان ہے۔
پی سی بی نے کارکردگی سے منسلک بونس کا نظام بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے پر کھلاڑیوں کو 500 فیصد اضافی میچ فیس بطور بونس دی جائے گی، جبکہ Asian Cricket Council کے ٹورنامنٹ میں کامیابی کی صورت میں 300 فیصد اضافی بونس دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی اور سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو بھی ضرورت پڑنے پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع مل سکے گا۔ سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت حاصل کرنے سے قبل پاکستان میں کم از کم 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا لازمی ہوگا۔
نئی پالیسی کے تحت غیر ملکی لیگ کے لیے این او سی کو فٹنس سے بھی مشروط کر دیا گیا ہے۔ سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگ میں شرکت کے لیے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا، تب ہی انہیں این او سی جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کا ریٹینر 10 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو پاکستان اے ٹیم کے دوروں کے لیے بھی زیر غور لایا جائے گا۔