کھیلتا پنجاب پنک گیمز: راولپنڈی ڈویژن کی مختلف ٹیموں کے لیے خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز مکمل ہو گئے
کھیلتا پنجاب پنک گیمز: راولپنڈی ڈویژن کی مختلف ٹیموں کے لیے خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز مکمل ہو گئے
راولپنڈی کے شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے سلسلے میں خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا تیسرا روز کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس میں راولپنڈی ڈویژن کی باکسنگ، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو اور ووشو ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ ان ٹرائلز کی نگرانی ڈی او سپورٹس راولپنڈی وحید احمد، ڈی ایس او شمس توحید عباسی، عامر اوصاف اور مختلف سپورٹس ایسوسی ایشنز کے آفیشلز نے کی، جبکہ ایڈیشنل کمشنر جنرل طلحہ نعیم تابانی اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کا عمل تیز، قوانین کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد
ان ٹرائلز میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام چھ اضلاع جن میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور مری شامل ہیں، وہاں سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں انڈر 21 خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ ماہرین کی نگرانی میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ڈویژنل ٹیموں کے لیے بہترین ٹیلنٹ کا انتخاب کیا گیا تاکہ وہ آئندہ مقابلوں میں ڈویژن کی نمائندگی کر سکیں۔
یاد رہے کہ ٹرائلز کے پہلے دو دنوں کے دوران کراٹے، ماس ریسلنگ، آرچری، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن اور والی بال کی ٹیموں کی تشکیل مکمل کی جا چکی تھی۔ اب تک ہونے والے ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنی مہارت کا ثبوت دیا ہے، جس سے اس ایونٹ کی کامیابی اور خواتین کھلاڑیوں کی کھیل میں دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔
اسی سلسلے کی اگلی کڑی کے طور پر راولپنڈی ڈویژن کی خواتین ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز آج بروز جمعرات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ یہ ٹرائلز ضلع اٹک میں واقع دانش ہائی سکول جنڈ کے میدان میں ہوں گے، جہاں ڈویژن بھر سے ہاکی کی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی تاکہ وہ فائنل اسکواڈ میں اپنی جگہ یقینی بنا سکیں۔