چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بعض کھلاڑی شہرت حاصل کرنے کے بعد سیکھنا چھوڑ دیتے ہیں، حالانکہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں مسلسل محنت اور سیکھنے کا عمل جاری رکھنا ضروری ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت سے ایسے کرکٹرز دیکھے ہیں جو مشکل وقت آنے پر محنت کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔
پی ٹی آئی سے بندہ توڑکرآئندہ وزیراعلیٰ کےپی کیلئے تیار کرلیاگیا: جے یو آئی رہنما کا دعویٰ
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم اس ٹیلنٹ کو نکھار کر تیار کرنا ایک مشکل کام ہے۔ یہ ذمہ داری پی سی بی اکیلے پوری نہیں کرسکتا بلکہ اس مقصد کے لیے فرنچائزز، ایسوسی ایشنز اور دیگر متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے اپنے نظام کو بہتر بنایا ہے اور امید ہے کہ آئندہ اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب ڈومیسٹک کرکٹ میں سفارش بالکل نہیں چل رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ بچیاں بھی کھیلوں کے میدان میں بچوں کے شانہ بشانہ حصہ لیں۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کھیلوں کے حوالے سے بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ترقی اور تربیت کے لیے لاہور قلندرز سب سے بڑھ کر کام کرنے والی اور ایک نمایاں فرنچائز ہے۔



