Gas Leakage Web ad 1

پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ: نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کا موقع

0

اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے منتخب نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے تربیتی سیشن میں شرکت کا موقع ملا، جہاں انہوں نے قومی کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹ پریکٹس کی اور کوچنگ اسٹاف سے کھیل کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں سیکھا۔

Gas Leakage Web ad 2

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے منتخب کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کے دوران تجربہ کار کرکٹرز سے رہنمائی حاصل کی۔
اداکارہ ایمن سلیم نے پیپلز پارٹی جوائن کرلی
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان لیگ اسپنرز اور فاسٹ بولرز میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اس اقدام کو بھی سراہا اور کہا کہ پی سی بی نے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی تلاش کے لیے بہترین کام کیا ہے۔

مائیک ہیسن کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے تربیتی سیشن میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

قومی ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں بابر اعظم اور فخر زمان نے بھی نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں سے آگاہ کیا۔ اس دوران نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت، محنت اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ضروری امور پر رہنمائی فراہم کی گئی۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹر بننے کے لیے صرف صلاحیت کافی نہیں، بلکہ مسلسل محنت بھی ضروری ہے۔

اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے فاسٹ بولر عبدالرحمان نے قومی ٹیم کے ساتھ تربیتی سیشن میں شرکت کو اپنے لیے یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرنا خواب پورا ہونے جیسا ہے۔

نوجوان لیگ اسپنر محمد حسنین نے کہا کہ بابر اعظم اور فخر زمان سے ملاقات کے دوران انہیں ٹریننگ کے حوالے سے اہم باتیں سیکھنے کا موقع ملا۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کی نشاندہی کرنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جارہا ہے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ تربیت حاصل کرنے سے نوجوان کرکٹرز کو اپنے کھیل میں بہتری لانے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے لیے خود کو تیار کرنے کا موقع ملا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.