سندھ میں 24 اکتوبر 2024 کو شروع کیے گئے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کو دو سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس دوران شہریوں نے گھر بیٹھے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے اور ان کی تجدید سمیت مختلف سہولتوں سے بھرپور استفادہ کیا۔

ڈی آئی جی ٹریننگ اینڈ لائسنس سندھ یونس چانڈیو نے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران سندھ بھر میں آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سسٹم پر 9 لاکھ 47 ہزار 318 صارفین رجسٹرڈ ہوئے، جبکہ شہریوں نے گھروں میں بیٹھ کر خود 6 لاکھ 80 ہزار 522 آن لائن ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے۔
پی ٹی آئی سے بندہ توڑکرآئندہ وزیراعلیٰ کےپی کیلئے تیار کرلیاگیا: جے یو آئی رہنما کا دعویٰ
یونس چانڈیو کے مطابق 6 لاکھ ایک ہزار 59 شہریوں نے خود آن لائن لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے، جبکہ 57 ہزار 432 شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کروائی اور گھر بیٹھے ہی اپنے لائسنس وصول کیے۔ اسی طرح 22 ہزار 31 شہریوں نے خود آن لائن انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے۔
ڈی آئی جی یونس چانڈیو نے بتایا کہ شہری سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کے ذریعے رشوت ستانی کا خاتمہ ہوگیا ہے، جبکہ محکمے کی خصوصی ٹیمیں شہریوں کو گھر بیٹھے بھی ڈرائیونگ لائسنس جاری کرکے فراہم کر رہی ہیں۔



