آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر جنوبی افریقی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی، جبکہ خراب رننگ کے باعث 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔
فیفا ورلڈکپ 2026 میں شائقین کی ایک روزہ حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا
فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 55 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ طوبیٰ حسن نے 23 رنز اسکور کیے۔
جواب میں جنوبی افریقی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں مشکلات کا سامنا کیا، ایک موقع پر اس کے 107 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے، تاہم ڈرکسین نے 52 رنز اور ڈی کلرک نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ جنوبی افریقا نے 127 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں فاطمہ ثنا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم اپنا تیسرا میچ ہفتے کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی۔ یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے، اس سے قبل اسے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔