راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے لاہور یا کشمور نہیں بننے دیا جائے گا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا اور اس وقت بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ پہلے ایسا ماحول بنایا جائے جہاں آزادانہ اور شفاف انتخابات ممکن ہوں، کیونکہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہی ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں۔
سہیل آفریدی کی حمایت کے باوجود بیرسٹرگوہر نے ’’عمران خان ریلیز فورس‘‘ کی منظوری دینے سے انکار کردیا تھا
انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے سیاسی مفادات کے لیے حالات کو اس نہج تک پہنچایا، تاہم موجودہ صورتحال میں سیاست اور پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے نورین نیازی کے خلاف مقدمے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح مقدمات درج کرنے سے حالات بہتر نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ نورین نیازی کی جانب سے دیے گئے بیانات ان کی ذاتی رائے ہیں اور انہوں نے بعد میں اس حوالے سے وضاحت بھی کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہی بہتری کی کنجی ہے اور مسائل کے حل کے لیے رابطہ ضروری ہے۔