Gas Leakage Web ad 1

خیبر میں طوفانی بارشیں، سیلابی ریلے میں بہہ کر 6 افراد جاں بحق

0

خیبر: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جہاں مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 6 ہو گئی، جبکہ متعدد علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

ریسکیو حکام کے مطابق لنڈی کوتل میں 4 جبکہ جمرود میں 2 افراد سیلابی ریلوں میں بہہ کر جان کی بازی ہار گئے۔

عدالتی کارکردگی میں نمایاں پیشرفت، چھ ماہ میں لاکھوں مقدمات کا تصفیہ

حکام کے مطابق ایک افغان خاندان کو طورخم لے جانے والی گاڑی بھی سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی۔ گاڑی میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد سوار تھے، جن میں سے 13 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، جبکہ 3 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پاک افغان شاہراہ پر پھنس جانے والی 100 سے زائد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔

دوسری جانب اپر دیر میں موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وادی کاغان میں شدید بارش کے بعد مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے شاہراہ کاغان متاثر ہوئی، جبکہ پانی کے کٹاؤ کے باعث جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بھی طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد دیہاتوں میں گھروں، فصلوں اور رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی و حبس کی شدت میں کمی آئی، تاہم نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.