اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مسلسل عدم حاضری پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سینئر سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پر الزامات عائد کرنے اور ان کی ساکھ متاثر کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔
مشرق وسطیٰ کشیدگی اور خراب موسم، پاکستان کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر، 45 پروازیں منسوخ
سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہ ہونے پر جج نے سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
عدالت نے عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی سہیل آفریدی پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں مقدمہ درج ہے۔