(اسلام آباد:(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے دفتر خارجہ پاکستان نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے، کیونکہ کسی نئے تنازع کا آغاز کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
ترجمان نے کہا کہ تمام فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں، جبکہ مشترکہ امن کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارتکاری ہی مؤثر راستہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے، اس لیے تمام فریق اس کے تحت کیے گئے اپنے اپنے وعدوں کی مکمل پاسداری کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں مشترکہ امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی فوج نے جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں متعدد حملے کیے تھے، جبکہ ایرانی حکام نے ان حملوں میں آٹھ فوجیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آج رات ایران پر مزید حملے کیے جائیں گے۔