(اسلام آباد: (سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی جمہوری، قومی اور ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کے لیے محترمہ فاطمہ جناح کی بے مثال محبت، وفاداری اور جذبۂ ایثار کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مادرِ ملت کی قومی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کے مطابق مشکل ترین حالات میں محترمہ فاطمہ جناح کی ثابت قدمی، عزم اور استقامت پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کیا کہ خواتین ملک و قوم کی ترقی اور تعمیر میں مؤثر اور مثبت کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔