خیبرپختونخوا حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے تحت بعض علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت نے محرم الحرام کے موقع پر جامع سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت حساس علاقوں میں موبائل فون سروس پر جزوی یا مکمل پابندیاں عائد کی جائیں گی تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز کی پنجگور میں بروقت کارروائی، دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام
سکیورٹی حکام کے مطابق صوبے میں 400 امام بارگاہوں کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 286 جلوسوں کو انتہائی حساس جبکہ 190 جلوسوں کو حساس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
پشاور میں 9 محرم کے مرکزی جلوس کے دوران موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی جبکہ کنٹونمنٹ کا علاقہ مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔ 10 محرم کو شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی سکیورٹی حصار اور چوکیاں قائم کی جائیں گی۔
جلوسوں اور امام بارگاہوں کے اطراف واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے جبکہ نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی انجام دیں گی۔
محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اقدامات کی نگرانی کے لیے سول سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں مانیٹرنگ اور رابطہ مراکز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔