Gas Leakage Web ad 1

بلوچستان، صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے نئے اوقات کار مقرر، نوٹیفکیشن جاری

0

بلوچستان حکومت نے صوبائی دارالحکومت سمیت پورے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

اس فیصلے کے مطابق دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔

حکومت کے مطابق یہ اقدام عوامی سہولت، ٹریفک کے دباؤ میں کمی، سکیورٹی کے بہتر انتظامات اور توانائی کی بچت کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

نئے نوٹیفکیشن کے بعد تاجر برادری اور شہریوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ عام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنا لازمی ہوگا، جبکہ شادی ہالز اور تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔

ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 11 بجے تک کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

حکومت نے کئی اہم شعبوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا ہے جن میں اسپتال، کلینکس، فارمیسیز، لیبارٹریاں، بیکریاں، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشن، برقی گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشن، جمنازیم، اسپورٹس کمپلیکس، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز شامل ہیں۔

پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری

کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے بعض نمائندوں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات 9 بجے بندش سے چھوٹے تاجروں کے کاروبار متاثر ہو سکتے ہیں، خصوصاً گرمیوں میں جب خریدار دیر سے مارکیٹ آتے ہیں۔

تاہم کچھ تاجروں نے اس اقدام کو مثبت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے عملہ بروقت گھر جا سکے گا اور سکیورٹی کے مسائل بھی کم ہوں گے۔

شہریوں کی رائے بھی منقسم ہے، کچھ کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس کو رات 11 بجے تک کھلا رکھنا مناسب ہے جبکہ شاپنگ مالز کی جلد بندش سے خاندانی خریداری کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ قانون و نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور رات کے وقت کاروباری سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ مستثنیٰ شعبے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے شامل کیے گئے ہیں۔

نئے اوقاتِ کار فوری طور پر نافذ العمل ہو گئے ہیں اور حکومت نے شہریوں اور تاجروں سے اس پر مکمل عملدرآمد کی اپیل کی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.